گجرات میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ جس کے تحت احمدآباد کارپوریشن کے نئے وارڈکی حد بندی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دراصل احمدآباد کی حد میں 48 وارڈز آتے ہیں۔ ان میں سے 17 وارڈز کی حد بندی میں فی الحال تبدیلی کی گئی ہے۔
ان میں ساوتھ بوپل، گھما علاقے کو سرخیز وارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
چوں کہ سرخیز مسلم اکثریتی علاقہ ہے اس لیے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں مسلم امیدواروں کو سرخیز سیٹ سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایسے میں سرخیز وارڈ میں ساوتھ بوپل اور گھما کو شامل کرنے پر سرخیز وارڈ کی کونسلر نفیسہ انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرخیز وارڈ میں مقررہ تعداد سے زیادہ آبادی ہے اس کے باوجود اس وارڈ میں بوپل گھما علاقے کو شامل کردیا گیا ہے۔
سرخیز اور بوپل گھما کے درمیان ایک نیشنل ہائی وے بھی موجود ہے جو 1994 کے گجرات حکومت کے گیزیٹ نوٹیفیکیشن پیرا 3 اور مذکورہ حکم کے پیرا 7 کے مطابق نہیں لیا گیا ہے جو حد بندی کے قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرخیز وارڈ کی حد بندی میں تبدیلی ہونے سے ووٹرز اور امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیشنل ہائی وے کے اس پار کے علاقے بوپل گھما کو سرخیز میں شامل کرنے سے حد بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔