کورونا کے پیش نظر گجرات حکومت کی جانب سے محرم کے تعلق سے گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں۔
اس تعلق سے ای ٹی بھارت سے گجرات سینٹرل تعزیہ کمیٹی کے چیئرمین پرویز مومن نے کہا کہ، 'ماہ محرم کا آغاز جمعہ کے روز سے ہوچکا ہے۔ اس دوران دس دنوں تک مسجدوں میں واعظ اور مجالس کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے، لیکن اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے سوشل ڈیسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے آن لائن واعظ اور مجالس کو ورچوئل دیکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
محرم کے دسویں یعنی 30 اگست اتوار کے روز یوم عاشورہ کا دن ہے، اس موقع پر ہر سال بڑے شان و شوکت کے ساتھ مختلف علاقوں میں جلوس کا اہتمام کیا جاتا تھا، لیکن اس سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جلوس نکالنے پر پوری طرح پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
گجرات حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے بھی اس تعلق سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں اگست میں ہونے والے ہر مذاہب کے تمام تہواروں پر پابندی لگائی گئی ہے، جس کے تحت محرم کے جلوس نکالنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس لیے اس سال سادگی کے ساتھ یوم عاشورہ منایا جائے گا۔'