ریاست گجرات میں 21 فروری کو بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، جس کے لئے تمام سیاسی پارٹیاں سخت محنت کر رہی ہیں لیکن آج بھی احمدآباد کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ایسے میں ای ٹی وی بھارت اردو پر 'میرا وارڈ میرے مسائل' پروگرام کی شروعات کی گئی ہے، جس کے تحت ای ٹی وی بھارت نمائندہ روشن آرا نے احمدآباد کے شاہ پور وارڈ کا جائزہ لیا۔
احمدآباد کا شاہ پور وارڈ ہندو اکثریتی علاقہ کہلاتا ہے۔ مانا جاتا ہے کہ شاہ پور میں بی جے پی کی گرفت کافی مضبوط ہے، اس کے باوجود یہاں کے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ شاہ پور وارڈ میں بی جے پی کے تین اور کانگریس کے ایک کاؤنسلر ہیں۔
شاہ پور وارڈ نمبر 17 کہلاتا ہے، یہاں برس 2015 سے اب تک چار کاؤنسلر ریکھا بین چوہان، فالگونی شاہ، جگدیش دانتریا، عبدالمجید شیخ رہے ہیں۔
نئے ووٹر لسٹ کے مطابق شاہ پور میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد راے دہندگان موجود ہیں۔ اس وارڈ میں 80 فیصد ہندو اور 20 فیصد مسلم دہندگان ہیں۔ اسی لیے رواں برس کانگریس نے ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ دی ہے۔ اس علاقے سے بی جے پی، کانگریس، عام آدمی پارٹی نے بھی اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
ایسے میں جب ہم نے شاہ وارڈ کا جائزہ لیا تو یہاں کے مقامی باشندوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں پانی، گٹر، گندگی سمیت بہت سارے مسائل ہیں۔ اسٹریٹ لائٹ کی کمی، روڈ اب بھی اس علاقے میں صحیح نہیں بن پائے ہیں۔ گٹر ٹوٹ جاتی ہے، پانی بھر جاتا ہے۔ اتنے سارے مسائل ہونے کے باوجود کوئی کارپوریٹر یہاں دیکھنے تک نہیں آتا۔
وہیں شاہ پور کے دیوجی پورا علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 سالوں سے ہم یہاں جھونپڑیوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے 17 سال قبل ہمارے مکانات مہندم کر دئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں ہر طرح سے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ روڈ راستے، گٹر پانی سب خراب ہیں۔ لوگوں کا جینا مشکل ہے لیکن حکومت ہمیں مکانات فراہم نہیں کر رہی، الیکشن کے وقت مکانات دینے کا وعدہ بھی کیا جاتا ہے لیکن وہ سب بس بولنے کی بات ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی کاؤنسلر یہاں جھانکنے تک نہیں آتا۔ ابھی الیکشن ہے تو سبھی پارٹی کے لوگ ہم سے ووٹ دینے کی اپیل کرنے آ رہے ہیں لیکن جب ہم ان کے پاس اپنی پریشانی لے کر جاتے ہیں، تب یہ لوگ ہم سے ملنا تک پسند نہیں کرتے۔