احمدآباد: احمدآباد میں اتوار کو شاہ پور، دریا پور، دودھیشور علاقے میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل کی جانب سے نکالی جانے والی یاترا کے سلسلے میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی طرف سے احمدآباد پولیس کمشنر کو ایک میمورنڈم دیا گیا۔ اس تعلق سے ایس ڈی پی آئی کے لیڈر ارشاد شیخ نے کہا کہ مورخہ 10-09-2023 اتوار کو وی ایچ پی بجرنگ دل کی طرف سے نکلنے والی یاترا کے سلسلے میں ایس ڈی پی آئی نے کمشنر صاحب کو ایک میمورنڈم دیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا کہ ایسی کسی بھی ریلی کی اجازت نہ دی جائے جس سے امن و سلامتی میں خلل پڑے اور اگر آپ پرمیشن دیتے ہیں تو اجازت کے بعد ریلی میں ہتھیار نہ لئے جائیں اور نہ ہی کوئی اشتعال انگیز نعرے یا گانے چلائے جائیں جس سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلے اور کسی بھی ناپسندیدہ تصادم کو روکا جاسکے۔ امن و سلامتی کو برقرار رکھنے اور اس طرح کے کسی بھی واقعات کو کم کرنے کے لیے ایس ڈی پی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ اشتعال انگیز نعرے یا گانے بجا کر ماحول کو خراب کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔