جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خاص طور سے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے مستقبل کی ضمانت ہیں، اگر وہ بن گئے تو قوم بن جائے گی اور اگر وہ بگڑ گئے تو قوم بگڑ جائے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعیۃ چلڈرن ولیج جمعیۃ علماء ہند میں پرورش پانے والی شیخ مریم کی نکاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ مالدار بننا کمال نہیں ہے، بلکہ انسان بننا کمال ہے، ایسا انسان جس کے اندر ایمانداری اور سچائی کی صفت ہو اور وہ جھوٹ سے متنفر ہو۔
انہوں نے کہاکہ یہ وہ مریم ہے جو 41 گھنٹے کی عمر میں بے سہارا کہیں پڑی پائی گئی، جمعیۃ علماء کے کارکنان نے جب اس کو دیکھا تو اسے گود لے لیا، وہ تب سے جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار میں پرورش پارہی ہے۔۔ اس بچی کی پرورش، تعلیم اور اب نکاح کی مکمل ذمہ داری جمعیۃ علما ء ہند نے ادا کی۔
واضح ہوکہ جمعےۃ علماء ہند کا یہ چلڈرن ولیج کئی ایسے بے سہارا بچوں اور بچیوں کا مرکز رہا ہے جن کے والدین و رشتہ دار، گجرات کے قیامت خیز زلزلہ میں شہید ہو گئے تھے۔
اس موقع پر مولانا مدنی نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کچھ بھج کے لوگوں کی چند خصوصیات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ شرافت، خود داری اور ایمانداری یہاں کے رہنے والوں کا امتیاز ہے، اگر اس کے ساتھ علم کی دولت کی میسر ہوجائے تو چار چاند لگ جائے گا۔