احمد آباد: گجرات میں بڑی تعداد میں مدارس موجود ہیں لیکن یہاں اب تک مدرسہ بورڈ نہیں بنایا گیا ہے۔ ریاست اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے اتر پردیش کے مدارس میں نیشنل کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی آر ٹی) کا نصاب نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدارس میں بھی یونیفارم ڈریس کوڈ نافذ کیا جائے گا۔ اترپردیش مدرسہ بورڈ کو اس پر عمل کرنا ہوگا۔ اس فیصلے کا حضرت شاہ عالم درگاہ کے خادم صوبہ خان پٹھان نے استقبال کیا اور گجرات میں بھی مدرسہ بورڈ کے قیام کا مطالبہ کیا۔
حضرت شاہ عالم درگاہ کے خادم صوبہ خان پٹھان نے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے اتر پردیش کے مدارس میں این سی آر ٹی کا نصاب نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدارس میں بھی یونیفارم ڈریس کوڈ نافذ کیا جائے، یہ بہت اچھی بات ہے کیونکہ کسی بھی اسکول میں جائیں تو سب کا یونیفارم ایک جیسا ہوتا ہے تو مدارس کے بچوں کا بھی ایک جیسا یونیفارم ہونا چاہیے اور جو نصاب بدلنے کی بات ہے وہ بھی ایک اچھی پہل ہے کہ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہر مسلمان کے ایک ہاتھ میں قرآن اور ایک ہاتھ میں کمپیوٹر ہونا چاہیے اور وہ کام کیا جا رہا ہے۔