احمدآباد میونسپل اسکول بورڈ نےجلد ہی ہائی ٹیک(جدید سہولیات سے آراستہ) اسکولز تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
موجودہ دور سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے اب ہر کام ٹیکنالوجی کے سبب تیزی سے ہونے لگا ہے۔ لیکن یہ ٹیکنالوجی عام طور دولتمند لوگوں کو دستیاب ہوتی ہے ۔ایسے میں پسماندہ طبقات کے طلبا و طالبات کو اس ٹیکنالوجی کا فائدہ پہنچانے کی غرض سے احمدآباد میونسپل اسکول بورڈ نے ہائی ٹیک اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس تعلق سے احمدآباد میونسپل کارپوریشن ،نگر پراتھمک شکشن سمیتی کے چیئرمین دھیریندر سنگھ تومر نے بتایا کہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام چلنے والی پہلی تا 8ویں جماعت تک کے پرائمری اسکول نئے طرز پر بنائے جائیں گے۔
ان اسکولوں کو متعارف کرنے کا ایک مقصد یہ ہے کہ نجی اسکولوں کی طرف سے طلبا و والدین کا استحصال بند ہو سکے۔احمدآباد میں 10 ہائی ٹیک اسکولز ایسے ہونگے جس میں خاص طور سے جدید سہولیات سے آراستہ عمارت ہو نے کے ساتھ ساتھ اس میں سویمنگ پول، کھیل کود کا میدان اور ہر طرح کی کھیلوں کی سہولیات ہوں گی۔