ریاست گجرات میں سنیچر سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ ایسے میں گذشتہ دو گھنٹوں سے احمدآباد شہر میں شدید بارش ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں اور متعدد علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات گجرات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں تک گجرات میں موسلادھار بارش جاری رہے گی۔
گجرات میں مسلسل بارش سے سیزن کی 120 فیصد بارش ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات میں ایک ستمبر کو بناس کانٹھا، پاٹن، موربی اور کچھ علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ احمدآباد، گاندھی نگر، صابر کانٹھا، مہسانہ، آنند، دیو دادر نگر حویلی میں بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔