گیا:ضلع گیا میں بڑھی ہوئی شدید گرمی اور لُو کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایسے میں یہاں ہوائی اڈہ سے دن میں عازمین حج کی پرواز کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تمام احتیاط برتے جا رہے ہیں۔ 18 اور 19 جون کو شام اور سہ پہر میں عازمین حج کی پرواز ہے۔ اس وجہ سے عازمین حج کا قافلہ پٹنہ حج بھون سے دن کے نو بجے کے بعد گیا ہوائی اڈے پر پہنچ جائے گا۔ ایسے میں دن بھر عازمین حج گیا ہوائی اڈہ پر بنے عارضی پنڈال میں رہیں گے جس سے وہ بھی ہیٹ اسٹروک کی زد میں آسکتے ہیں۔ یہاں کھلے میدان میں لگے ٹینٹ اور انتظامات کو دیکھنے کو لے کر ڈی ایم تیاگ راجن نے ایئر پورٹ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور ساتھ ہی پورے انتظامات کے تعلق سے تفصیلی جانکاری حاصل کی کہ دن میں عازمین حج کے لیے کیا انتظامات ہوں گے؟ انہوں نے پنڈال میں پنکھا کولر بڑھائے جانے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈا پانی اور شربت، او آر ایس کے گھول کے ساتھ دیگر ٹھندی چیزوں کو رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ساتھ ہی سول سرجن کو ہدایت دی کہ وہ آئس باکس کے علاوہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے سامان اور دوائی وغیرہ کا انتظام رکھیں، ہیلتھ کیمپ میں موجود ڈاکٹر وقت پر موجود رہیں، حج مسافروں میں زیادہ تر افراد بوڑھے ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا ان پر خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، تمام لوگ جو یہاں ہوائی اڈے پر عازمین حج کی خدمت میں لگے ہیں وہ اپنی سطح سے کوشش کریں کہ عازمین حج کم سے کم کھلے میں نکلیں۔ اُنہوں نے ٹینٹ ہاؤس کے مالک کو کہا کہ وہ پنڈال کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کوشش کریں اور زیادہ سے زیادہ کولر لگائیں تاکہ پنڈال کی حالت گرم نہیں ہو اور اس کا درجۂ حرارت ٹھنڈا رہے۔