گودھرا: ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح گجرات میں بھی عازمین حج سے من مانی طریقے سے اخراجات وصولی کا معاملہ زور پکڑنے لگا ہے۔ اس سلسلے میں گودھرا کے عازمین حج نے ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کی اور سفر بیت اللہ کے اخراجات میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عازمین حج کو 2100 ریال دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ گودھرا سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ روح العالمین حسین ہتیلا نے بتایا کہ اس سال قرعہ اندازی کے ذریعہ گجرات سے تقریباً 9 ہزار عازمین کو سفر حج کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ لیکن اس سال جو حج کی نئی پالیسی بنائی گئی ہے وہ مکمل طور پر غریب مخالف اور حاجیوں کے لئے پریشان کن ہے۔
سال 2023 کی پالیسی میں گزشتہ سال تک حج پر جانے والے حاجیوں کو جدہ یا مدینہ شریف میں حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے ادا کی گئی رقم سے 2100 سعودی ریال ادا کئے جاتے تھے تاکہ وہ اپنی کھانے پینے کی ضروریات پوری کر سکیں۔ لیکن اس سال 2100 سعودی ریال کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ عازمین حج موجودہ حج پالیسی کی مخالفت کر رہے ہیں۔