اردو

urdu

ETV Bharat / state

PM Modi on Matru Vandana Yojana: گجرات میں نو لاکھ خواتین میں 400 کروڑ روپے کی امداد تقسیم، مودی

گجرات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج، ان کے لیے، ماترو وندنا (ماں کی عبادت) کا دن ہے۔ انہوں نے اپنے دن کا آغاز اپنی والدہ کا آشیرواد لے کر کیا جو آج اپنے 100ویں برس میں داخل ہوئی ہیں۔ اس کے بعد، انہوں نے پاواگڑھ ہل میں واقع شری کالیکا ماتا کے نوتعمیر شدہ مندروں کا افتتاح کیا۔ PM Modi on Matru Vandana Yojana

گجرات میں نو لاکھ خواتین کو ملی 400 کروڑ روپے کی امداد، مودی
گجرات میں نو لاکھ خواتین کو ملی 400 کروڑ روپے کی امداد، مودی

By

Published : Jun 18, 2022, 10:25 PM IST

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ گجرات میں نو لاکھ خواتین کو ’پردھان منتری ماتر وندنا یوجنا‘ کے تحت 400 کروڑ روپے کی امداد دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 21000 کروڑ روپے کے بقدر کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مستفیدین، وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل ، مرکزی اور ریاستی وزراء، عوامی نمائندگان اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔PM Modi on Matru Vandana Yojana

شروعات میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج، ان کے لیے، ماترو وندنا (ماں کی عبادت) کا دن ہے۔ انہوں نے اپنے دن کا آغاز اپنی والدہ کا آشیرواد لے کر کیا جو آج اپنے 100ویں برس میں داخل ہوئی ہیں۔ اس کے بعد، انہوں نے پاواگڑھ ہل میں واقع شری کالیکا ماتا کے نوتعمیر شدہ مندر کا افتتاح کیا، جہاں انہوں نے پوجا پاٹ کی۔

آج کے پروگرام میں 21000 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروجیکٹس گجرات کی ترقی کے توسط سے بھارت کی ترقی کے تصور کو تقویت پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زچگی کی صحت، ناداروں کے لیے مکانات، کنکٹیویٹی اور اعلیٰ تعلیم جیسے شعبوں میں یہ زبردست سرمایہ کاری گجرات کی صنعتی ترقی کو قوت عطا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ، ان پروجیکٹوں میں سے متعدد پروجیکٹوں کا تعلق، صحت، تغذیہ اور خواتین کی اختیارکاری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈبل انجن والی حکومت کی کوششوں کو ماں کالیکا کے آشیرواد سے ایک نیا سہارا ملا ہے۔ مجمع میں موجود متعدد جانے پہچانے چہروں کو پہچانتے ہوئے انہوں نے کہا، 'خواتین کی تیز رفتار ترقی اور ان کی اختیارکاری 21ویں صدی کے بھارت کی تیز رفتار ترقی کے لیے مساوی طور پر اہمیت کی حامل ہے۔ آج بھارت خواتین کی ضرورتوں اور اُمنگوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور فیصلے لے رہا ہے۔'

وزیر اعظم نے کہا کہ تمام شعبوں میں خواتین کے لیے مواقع فراہم کرائے گئے ہیں اور حکومت نے ان کے دورانیہ حیات کے ہر مرحلے کو ذہن میں رکھتے ہوئے خواتین کی اختیار کاری کے لیے اسکیمیں وضع کی ہیں۔ 'وڈودرا ماترو شکتی کے جشن کے لیے ایک موزوں شہر ہے کیونکہ یہ ایک ماں کی طرح سنسکار دینے والا شہر ہے۔ وڈودرا سنسکاروں کا شہر ہے۔ یہ شہر یہاں آنے والوں کا ہر طرح سے خیال رکھتا ہے، ان کی خوشیوں او ر غم میں ان کا ساتھ دیتا ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ اس شہر نے سوامی وویکانند، مہارشی اروِند، وِنوبا بھاوے اور باباصاحب امبیڈکرجیسی شخصیات کو ترغیب فراہم کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2014 میں انہیں وڈودرا اور کاشی وشوناتھ دونوں سے آشیرواد حاصل ہوا۔ انہوں نے زچگی اور خواتین کی صحت کی اہمیت کا ذکر کیا۔ ماں کی صحت نہ صرف اس کے لیے، بلکہ پورے کنبے خصوصاً بچے کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'دو دہائی قبل جب گجرات نے مجھے خدمت کا موقع دیا، اس وقت یہاں سوئے تغذیہ ایک بہت بڑی چنوتی تھی۔ تب سے ہم نے اس سمت میں ایک کے بعد ایک کام کرنے شروع کیے، جس کے اچھے نتائج آج نظر آرہے ہیں۔'

وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں سکل سیل بیماری سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر کو 'پوشن ماہ' یعنی تغذیہ کے مہینے کے طور پر منانے کا فیصلہ گجرات میں خواتین کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ تغذیہ کے علاوہ، حکومت نے سووَچھ بھارت اور اُجوَلا جیسی اسکیموں کے ذریعہ خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرانے کے لیے بھی کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: PM Modi's Mother 100th Birthday: مودی کو ملک کا وزیراعظم بننے کو ایشور کی نعمت مانتی ہیں ماں ہیرابین

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details