کَچھ: ملک بھر میں عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ اس موقعے پر گجرات کے کچھ میں واقع موندرا کے ایک پرائیویٹ اسکول میں منعقد کیے گئے ایک ڈرامے پر تنازع کھڑا ہو گیا۔ اسکول میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ڈرامے میں ہندو طلبہ نے نماز پڑھنے کا کردار نبھایا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس سے طلبہ کے سرپرست برہم ہوگئے۔ وہیں ہندو تنظیموں نے بھی احتجاج کرتے ہوئے اسکول کا رجسٹریشن رد کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ معاملہ پرل اسکول آف ایکسی لینس کا ہے جو کہ موندرا، کچ میں واقع ہے۔ اسکول میں عید الاضحیٰ کے موقعے پر منعقدہ پروگرام میں ایک ڈرامے کا اہتمام کیا گیا جس میں ہندو طلبہ نے نماز پڑھنے کی اداکاری کی۔ بعد ازاں ڈرامے کا ویڈیو وائرل ہونے پر بڑا تنازع کھڑا ہوگیا۔ طلبا کے والدین نے سکول میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ سرپرستوں کے ساتھ ساتھ ہندو یووا سنگٹھن کے لوگوں نے بھی زبردست احتجاج کیا، جس کے بعد مقامی انتظامیہ کو علاقے میں پولیس تعینات کرنی پڑی۔
امیش یوگانی، موندرا تعلقہ پرائمری ایجوکیشن آفیسر نے اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز اور حقائق کی تصدیق کی جا رہی ہے اور والدین اور بچوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اگر لاپرواہی پائی گئی تو اسکول رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے گا۔" وہیں پرل اسکول آف ایکسیلنس کی پرنسپل پریتی واسوانی نے کہا، "اسکول میں ہونے والے پروگرام کے ویڈیو سے والدین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور ہم معذرت خواہ ہیں۔" اس پروگرام کا مقصد کسی مذہب یا معاشرے کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ لیکن اب سے اسکول میں ایسی کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: Ganga Jamuna School Case گنگا جمنا اسکول کے معاملے میں ملزمان کی درخواست ضمانت خارج
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جو ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، اس میں پرل سکول آف ایکسی لینس کی کلاس پانچ کے طلباء نے یہ ڈرامہ پرفارم کیا۔ جس کے خلاف ہندو یووا سنگٹھن نے انتظامیہ سے شکایت کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل کو معطل کرنے اور اسکول کا رجسٹریشن رد کرنے کا مطالبہ کیا جس کے تحت سکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا گیا۔