نئی دہلی: کانگریس نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی، دن دہاڑے جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں اور انتخابی مہم کے دوران ہونے والی ان کی سرگرمیوں کے بارے میں حقائق کے ساتھ کمیشن کو معلومات فراہم کی گئی ہیں لیکن کمیشن نے اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔‘‘Congress on Election Commission
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پیر کو نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’وزیر اعظم گجرات میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلتے ہیں اور اس دوران وہ ڈھائی گھنٹے تک روڈ شو کرتے ہیں جس کو براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس سے قبل کانگریس کے نمائندے گجرات میں انتخابات کے دوران کئی بے ضابطگیوں کے بارے میں کمیشن کو آگاہ کر چکے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ کمیشن دباؤ میں کام کر رہی ہے، اس لیے وہ خاموش ہے۔‘‘congress spokesperson pawan khera on EC
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کمیشن سب کچھ ہوا میں اڑا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس ایم ایل اے کانتی بھائی کھراڑے نے الیکشن کمیشن کو مطلع کیا تھا کہ انہیں خطرہ ہے، اس لئے انہیں سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے، لیکن کمیشن اس پر بھی خاموش رہا۔ مسٹر کھراڑے پر کل رات حملہ ہوا تو وہ اپنی جان بچانے کے لیے جنگل میں چھپ گئے، لیکن کمیشن اس شکایت پر بھی خاموش ہے۔‘‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ’’کانگریس کا وفد الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی شکایت کرتے ہوئے کمیشن سے ملنے گیا تھا، لیکن انہیں پانچ دن کے بعد ملاقات کا وقت دیا گیا۔ کانگریس نے کمیشن سے شکایت کی تھی کہ بی جے پی انتخابی مہم میں بچوں کا استعمال کر رہی ہے، لیکن کمیشن نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی کسی کو نوٹس دیا۔‘‘