احمدآباد:ریاست گجرات کے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے جنرل اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہزاد خان پٹھان نے بی جے پی کی قیادت والے بورڈ پر شدید تنقید کی ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل بی جے پی نے جتنے وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا ہے ۔یہ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہزاد خان پٹھان نے کہا کہ احمد آباد میں 1902 کلومیٹر سڑکوں پر فٹ پاتھ نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سڑک کا ہی استعمال کرنا پڑتا ہے۔ اس کے نتیجے میں 1185 سال 2020 میں اور 2021 میں 1433 حادثات ہوئے ہیں۔ دو سال کے اندر 2618 حادثات ہوئے ہیں جن میں 744 افراد کی موت ہوئی ہے۔ احمد آباد حادثاتی اموات میں 2020 میں 14 ویں نمبر پر تھا لیکن 2021 میں گیارہویں نمبر پر آگیا ہے۔ ان حادثات میں 25 فیصد پیدل چلنے والوں کی موت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن ان تمام حادثات کے لیے ذمہ دار ہے جبکہ اس معاملے پر آج ممبر کو جنرل اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور بجٹ میں کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کئے جانے پر انہوں نے حکمراں جماعت پر شدید تنقید کی ۔