احمد آباد: ریاست گجرات میں دسویں کے امتحانات میں کئی مسلم طلبا و طالبات شاندار نمبرات سے کامیاب ہوئے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک احمد آباد کے باپونگر کے ایک پنچر بنانے والے کی بیٹی سید بشریٰ بیگم محمد علی نے 99.38 پرسنٹائل سے کامیابی حاصل کرکے ریاست بھر میں اپنا نام روشن کیا ہے۔ اس تعلق سے نمائندہ ای ٹی وی بھارت روشن آرا نے بشریٰ بیگم اور ان کے گھر والوں سے بات چیت کی۔ بشریٰ بیگم نے اپنے نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 99.38 پرسنٹائل ملے ہیں اور میں اے ون گریڈ سے پاس ہوئی ہوں۔ بشریٰ بیگم نے بتایا کہ انہوں نے ایف ڈی گرلز اسکول جمال پور میں تعلیم حاصل کی۔ اس رزلٹ بشریٰ کافی خوش ہیں۔ انہوں نے اپنی پڑھائی کے ٹائم ٹیبل اور امتحانات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ بشریٰ نے بتایا کہ میرے پاپا پنچر بناتے ہیں لیکن انہوں نے ہمیں کبھی کسی سے کم نہیں سمجھا اور ہماری پڑھائی کے لیے ہمارے والدین نے کافی محنت کی اور انہوں نے ہر وقت سپورٹ کیا۔
اس تعلق سے بشریٰ کی والدہ نے بتایا کہ میری چار بیٹیاں ہیں جو ہمیشہ سے پڑھنے میں کافی اچھی رہی ہیں اور ہمیشہ سے ان کی پڑھائی پر کافی دھیان دیا ہے۔ یہ بچے جب فرسٹ کلاس میں تھے تب سے ہی فرسٹ رینک لا رہے ہیں۔ جب میری پہلی بیٹی نے فرسٹ رینک لایا تب سے میری دوسری بچیوں نے اس سے ترغیب لے کر محنت کرنے کا گول بنایا اور فرسٹ رینک لانے کی شروعات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کا تمام طرح سے خیال رکھا جاتا ہے۔ انہیں گھر کا کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ ہم انہیں پڑھائی کرنے کا پورا وقت دیتے ہیں۔ انہوں مزید بتایا کہ لوگوں سے مجھے کافی مرتبہ اس تعلق سے طعنے بھی سننے کو ملے لیکن میں نے لوگوں کی باتوں پر کبھی دھیان نہیں دیا اور بیٹیوں کی پڑھائی پر خوب محنت کی جس کے نتیجے میں آج یہ بیٹیاں ہمارا نام روشن کر رہی ہیں۔