گجرات بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ کا اہتمام آج گاندھی نگر میں بی جے پی دفتر کملم میں کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران بی جے پی کے ذریعے کیے گئے کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں کورونا بحران کے دوران حکومت سے عوام کی ناراضگی کے خاتمے اور بی جے پی کی امیج کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس میٹنگ میں بی جے پی گجرات کے صدر سی آر پاٹل، گجرات کے وزیر اعلی وجے روپالی، نائب وزیر اعلی نتن پٹیل کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے ریاستی جنرل سیکرٹری سمیت بنیادی ٹیم کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔
اس اجلاس کے بعد 15 جون کو بی جے پی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ بھی منعقد کی جائےگی۔ اس موقع پر کورونا کے دوران حکومت اور بی جے پی کے ذریعے کیے جانے والے کام اور کورونا کی تیسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائےگی۔
حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کی گئی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا نیز 2022 میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔