نئی دہلی: کانگریس نے امرت مہوتسو کے موقع پر اجتماعی جنسی زیادتی اور متعدد افراد کے قتل جیسے سنگین جرائم کے قصوروار 11 قیدیوں کو معاف کرنے کے گجرات حکومت کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو اس معاملے میں ملک کو جواب دینا ہوگا۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ رہائی غیر قانونی ہے اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کا حوالہ دے کر گمراہ کیا گیا ہے۔ اس لیے اس معاملے پر مودی اور شاہ کے ساتھ ہی گجرات حکومت کو بھی جواب دینا چاہیے۔ Pawan Khera Criticism on BJP Govt
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "جن لوگوں نے پانچ ماہ کی حاملہ خاتون کی عصمت دری کی اور اس کی تین سالہ بچی کو قتل کیا۔ انہیں 'آزادی کے امرت مہوتسو' کے دوران رہا کر دیا گیا۔ ناری شکتی کی بات کرنے والے ملک کی خواتین کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ وزیراعظم صاحب، پورا ملک آپ کے قول و فعل میں فرق دیکھ رہا ہے۔
پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے حکومت پر بے حس ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، "حاملہ خاتون کی اجتماعی عصمت دری اور اس کے بچے کو قتل کرنے کے جرم میں تمام عدالتوں سے عمر قید کی سزا یافتہ مجرموں کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ رہائی، کیمرے کے سامنے ان کا استقبال، کیا یہ خواتین کے ساتھ ناانصافی اور بے حسی کی انتہا نہیں ہے؟"