سماجی کارکن رضوان امبالیہ نے اس تعلق سے کہا کہ کس کو کیا کھانا ہے یہ عوام پر منحصر ہے کہ اسے کیا کھانا ہے اور کیا نہیں۔ اس تعلق سے کارپوریشن یا حکومت کو فیصلہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ نان ویج کوئی ایک کمیونٹی نہیں کھاتی بلکہ تمام مذاہب کے لوگ کھاتے ہیں۔
نان ویج اسٹالز پر پابندی کو فوراً ختم کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت کا اس طرح کے فیصلے لینا بالکل غلط ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور جن لوگوں کی روزی روٹی سرکار نے نان ویج کے نام پر چھینی ہے ان کی دکانوں اور اسٹالز ضبط کئے گئے ہیں انہیں فوراً واپس کیا جائے۔
وہیں اس معاملے پر سماجی کارکن سدھیر بندیلا نے کہا کہ 'بھارت ایک آزاد اور جمہوری ملک ہے اور گجرات میں سب لوگ بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں لیکن نان ویج لاریوں پر پابندی لگانا غلط ہے۔
واضح رہے کہ احمد آباد میونسپل کارپوریشن Ahmedabad Municipal Corporation کی جانب سے شہر کی اہم سڑکوں اور مذہبی مقامات کے اردگرد سو میٹر کے علاقے میں نان ویج لاریوں کو ہٹانے کے فیصلے کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔
احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے اس فیصلے کو جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد گجرات کے وزیراعلی بھوپیندر پٹیل اور گجرات بی جے پی کے صدر کو سامنے آ کر اس معاملے میں صفائی دینی پڑی تھی اس معاملے میں وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کہا تھا کہ جس کو جو کھانا ہے وہ کھا سکتا ہے۔
تاہم احمدآباد کے مین روڈ پر نان ویج لاریوں پر پابندی لگانے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ ہفتے گجرات ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں ہائی کورٹ نے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ میونسپل کارپوریشن طے نہیں کر سکتی کہ لوگ کیا کھائیں گے؟