ریاست گجرات(Gujarat) کے شہر احمدآباد (Ahmedabad)میں بحرام پورا کے سکندر بخت نگر کے ای ڈبلیو ایس کواٹرس میں رہائش پذیر سابرمتی فرنٹ(Sabarmati riverfront) متاثرین کو بنیادی سہولیات کے فقدان کا سامنا ہے۔ اس معاملے میں آج آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین(ایم آئی ایم) کے اراکین نے احمدآباد کے مئیر کریٹ پرمار کو میمورنڈم سونپا اور مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کی پریشانی کو جلد از جلد حل کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات ماڈل کے طور پر سابر متی ریور فرنٹ کی تعمیر کروائی تھی۔ اسے تعمیر کرنے کےلیے بڑی تعداد میں لوگوں کی زمین لے کر انہیں سرکاری اسکیم کے تحت ای ڈبلیو ایس کوارٹرس میں شفٹ کرایا گیا تھا۔ ایسے ہی بحرام پور کے سکندر بخت نگر علاقے میں ریور فرنٹ متاثرین کی 992 فیملی رہائش پذیر ہیں۔ لیکن یہ لوگ آج تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہی مسائل کے مدنظر آج ایم آئی ایم گجرات کے اراکین نے احمدآباد کے مئیر کریٹ پرمار کو اس سلسلے میں میمورنڈم دیا۔