ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے سے قبل احمدآباد میونسپل کارپوریشن غریبوں کی جھگیوں کو چھپانے کے لیے دیوار تعمیر کر رہا ہے۔
ٹرمپ مودی کے ساتھ 24 اور 25 فروری کو گجرات کا دورہ کریں گے اور دنیا کے سب سے بڑے موڈیرا اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔
ایسے میں موڈیرا اسٹیڈیم تک جانے والی تمام سڑکیں اور تمام راستوں پر تعمیری کام جاری ہے اس کے ساتھ ہی احمدآباد ایئرپورٹ سے اندرا برج تک گذرنے والے راستے کے کنارے موجود چھوٹی چھوٹی جھگیوں اور غریبوں کے مکان کو ڈھکنے کے لیے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعے چھ سے سات فٹ اونچی دیوار تعمیر کی جارہی ہے۔
ٹرمپ کی گجرات آمد اور غربت چھپاتی دیواریں تقریباً 600 میٹر کی دوری پر قائم ان جھگیوں کو چھپانے کے لیے سات فٹ اونچی دیوار تعمیر کی جارہی ہپے مزید یہ کہ یہاں پودے لگانے کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے سرنیا ویاس میں 500 سے زیادہ کچے مکانات میں 2500 سے زائد افراد آباد ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب بستی کے لوگوں سے بات چیت کی تو انھوں نے بتایا کہ وہ اس بستی میں گزشتہ ستر تا اسی سال سے رہ رہے ہیں لیکن انھیں یہاں ہر طرح کی پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔
بستی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انھیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ایسے میں ان کے کچے اور چھوٹے مکانات کو ڈھکنے کے لیے یہ بڑی بڑی دیواریں تعمیر کی جارہی ہیں اور اس کے سبب ان کے گھر کی بجلی بھی منقطع ہورہی ہے اور جب ٹرمپ یہاں آئیں گے تو انہیں یہاں کے غریب نظر نہ آئے اس کے لیے بڑی بڑی دیوار تعمیر کی جارہی ہیں۔
بستی کے علاقوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت ان کی پریشانیوں کو دور کرتے ہوئے انھیں بنیادی سہولیات فراہم کرے، مودی حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس بات کر رہی ہے لیکن یہاں پر انھیں وکاس کہیں بھی نظر نہیں آرہا ہے۔
بستی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں چار ہزار سے زیادہ لوگ رہتے ہیں لیکن احمدآباد میونسپل کارپوریشن ان دنوں ان تمام جھگیوں کو دیوار کے پیچھے چھپانے میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ آباد میں روڈ شو کریں گے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ 'کیم چھو ٹرمپ' پروگرام میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ایئرپورٹ، روڈ شو اور اسٹیڈیم میں ملک کے مختلف نو ثقافت کی جھلکیاں بھی امریکی صدر کو دکھائی جائے گی تاہم احمدآباد میں امریکی صدر کا مکمل پروگرام نمائشی رہے گا۔