ریاست گجرات میں بلدیاتی انتخابات ہونے میں کچھ ہی دن رہ گئے ہیں، ایسے میں بی جے پی، کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بھی انتخابی میدان میں دستک دے دی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے تو اپنے امیدواروں کا اعلان بھی کردیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کا جیسا نام ویسا کام کی مثال پیش کرتے ہوئے پارٹی نے احمدآباد میں ایک آٹو رکشا ڈرائیور منور حسین شیخ کو رکھیال سرسپور وارڈ سے ٹکٹ دی ہے۔
اس تعلق سے عام آدمی پارٹی رکھیا سرسپور وارڈ کے امیدوار منور حسین شیخ کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ 14 برسوں سے احمدآباد کی سڑکوں پر آٹو رکشا چلا رہا ہوں، میں صرف دسویں تک تعلیم حاصل کرسکا۔ میرے پاس ڈگری نہیں تھی، میری مجبوری ہے کہ پیٹ پالنے کے لیے میں رکشا چلا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 'علاقے کی پریشانیوں کو دیکھ کر میں نے سیاست میں قدم رکھا اور گزشتہ 6 برسوں سے عام آدمی کے کارکن کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہا ہوں۔ اب عام آدمی پارٹی نے مجھے میرے وارڈ سے ہی امیدوار بنا کر میدان میں اتارا ہے۔ اس لیے میں عام آدمی پارٹی کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔