احمد آباد: ریاست گجرات کے احمد آباد شہر کے پالڈی پولیس اسٹیشن میں ایک سال قبل جون 2022 کو درج ہونے والے نوجوان خاتون کے لاپتہ کیس کی تحقیقات میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد قتل اور پھر لاش کو جلا کر شواہد مٹانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے میں زون-7 کے ڈپٹی کمشنر کی لوکل کرائم برانچ (ایل سی بی) نے لڑکی کے عاشق سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔اس میں لڑکی کا عاشق سورج عرف بھواجی سولنکی (31) ساکن جوناگڑھ، سورج کا بھائی یوراج سولنکی (25)، مکیش سولنکی (25) ساکن سریندر نگر ضلع، گنجن جوشی (30) ساکن جوناگڑھ، احمد آباد کے ویجل پور کے رہنے سنجے سہیلیا (31) احمد آباد پالڈی ٹھاکرواس کے ساکن میت شاہ (24)، جگل شاہ (22) ملو کی ماں مونا شاہ (45) شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس زون 7 بی یو جڈیجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ 19 جون 2022 کو سورج اور میت اس لڑکی کو جوناگڑھ سے احمد آباد لے جا رہے تھے۔ انہوں نے رات کو چوٹیلا میں کھانا کھایا، جس کے بعد لڑکی کو سریندر نگر ضلع کے وٹاواچھ گاؤں لے جایا گیا، جو سورت میں اس کا آبائی گاؤں ہے۔ جہاں سورج کے بھائی اور اس کے دوست گنجن کا لڑکی سے جھگڑا ہوا۔ اس دوران میت نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی کا اسکے دوپٹہ سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ ملزمان نے لڑکی کی لاش کو قریبی ویران جگہ پر لکڑیاں اور گھاس اکٹھا کر کے جلا دیا۔ معلوم ہوا کہ لڑکی نے سورج کے خلاف جوناگڑھ پولیس اسٹیشن میں عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ جس پر ملزمان نے اس سے جھگڑا کیا اور پھر اسے قتل کردیا۔