احمدآباد: ماہ صیام جو کہ سراپا خیر و برکت کا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں مسلمان کثرت سے عبادت کرتے ہیں۔ دن میں روزہ اور تراویح سمیت دیگر عبادتوں کے ذریعہ اپنے پروردگار کی خوشنودی کے حصول کی کوشش کرتے ہیں۔ رمضان کے موقع پر غریبوں اور ضرورت مندوں کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں منا سکیں۔ اس کے لیے مدنی فاؤنڈیشن ٹرسٹ احمدآباد کی جانب سے غریبوں میں 300 رمضان و عید کٹس تقسیم کیے گئے۔
اس تعلق سے مدنی فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے چیئرمین مفتی محمد اسجد قاسمی نے کہا کہ مدنی فاؤنڈیشن ٹرسٹ حکومت سے رجسٹرڈ ادارہ ہے جو گزشتہ 2 سالوں سے خدمت خلق کا کام کر رہا ہے۔ اس ادارے کی جانب سے پورے سال غریبوں، یتیموں، مسکینوں و ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ایسے میں مدنی فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے طے کیا کہ غریبوں میں کٹس تقسیم کی جائے، جس کے مدنظر رکھ کر اس سال ہم نے 300 کٹس تقسیم کی ہے۔