سرینگر: وادی کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کے درمیان ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنے والی 13 کلو میٹر زوجیلا ٹنل کی تکمیل کی ڈیڈ لائن میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن میں یہ توسیع مشکل خطوں اور موسمی چلینجوں کے باعث کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیڈ لائن اب دسمبر 2030 تک بڑھا دی گئی ہے جو پہلے دسمبر 2026 تک ہی تھی۔
حکام کا ماننا ہے کہ یہ ٹنل جو ایشیا میں اپنی نوعیت کی سب سے لمبی اور سب سے زیادہ اونچی ٹنل مانی جاتی ہے، زوجیلا پاس کی مسافت کو طے کرنے کے چار گھنٹوں کے وقت کو کم کرے گی اور یہ مسافت صرف 15 منٹوں میں طے کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ 13 کلو میٹر طویل اس ٹنل کا 40 فیصد کام مکمل کیا گیا ہے لیکن مشکل خطے اور موسمی چلینجوں کی وجہ سے اب آگے کام کرنے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 'یہ شدید برفانی تودے گر آنے والا علاقہ ہے جس کے وجہ سے کئی بار کام کو معطل کرنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی ڈیڈ لائن میں مزید توسیع کی گئی ہے'۔