گاندربل (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں سردیاں شروع ہونے کے ساتھ ہی جنگلی جانوروں کا بستیوں کی طرف آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بستیوں میں گھوم رہے ریچھ کے تین بچوں کے سبب کئی علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے پنجرے نصب کرکے ریچھ کے تینوں بچوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کر لی جس کے سبب لوگوں نے راحت کی سانس لی۔
قبل ازیں، گاندربل کے گیراج سمیت ملحقہ علاقوں میں ریچھ کے بچوں کو دیکھے جانے کے بعد مقامی باشندوں نے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کیا۔ وائلڈ لائف عملہ نے طور پر علاقے میں ٹیم روانہ کی اور کئی مقامات پر پنجرے نصب کیے۔ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے ریچھ کے تینوں بچوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد انہیں ایس او پیز کے مطابق سرینگر کے داچھی گام نیشنل پارک پہنچایا۔ مقامی باشندوں نے وائلڈ لائف محکمہ کی بروقت کارروائی کی ستائش کی۔