گاندربل کے درجنوں دیہات رابطہ پل نہ ہونے سے پریشان گاندربل (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے دراز علاقوں بشمول کاٹھی، مچکھنی وغیرہ میں رہائش پذیر ہزاروں لوگوں کو موٹریبل پل نہ ہونے سے عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ سندھ پر موٹریبل پل نہ ہونے سے درجنوں دیہات میں رہائش پذیر لوگ لکڑی کے بنے عارضی پل کا استعمال کرنے پر ہی مجبور ہے، تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال پل کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’انتظامیہ کی جانب سے دور دراز علاقوں میں رابطہ کے مسائل کو حل کرنے کے دعوے اعلانات تک ہی محدود ہیں۔ وانگت میں درجنوں دیہات کو جوڑتے والے اس نالہ پر پل تعمیر نہیں کیا گیا ہے اور کاٹھی اور مچکھنی سمیت کئی دہات میں رہائش پذیر لوگوں کو لکڑی سے بنے عارضی پل اور خدا کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا جاتا ہے۔‘‘
نالہ پار کرنے کے لیے بنائے گئے پل کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کاٹھی پل، کشنمبل، لمبن، بنیرام، بابا نگری اور وانگت کو جوڑنے والے اس اہم نالہ پر پل تعمیر نہیں کیا جا رہا ہے جس کے سبب لوگ گونا گوں مشکلات سے جوجھ رہے ہیں۔ طلبہ کو اسکول اور کالج جانے میں دقتوں کا سامنا رہتا ہے وہیں لوگوں کے لیے صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی بھی مشکل ہو جاتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’بابا نگری میں معروف عرس بھی ہوتا ہے جس میں ہزاروں عقیدت مند زیارت شریف سے مستفید ہوتے ہیں تاہم درگاہ تک پہنچنے کے لیے اسی پل پر سے ہوکر گزرنا پڑتا ہے جو بسااوقات نقصان دہ ثابت ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ایک حادثہ کے دوران یہاں ایک بچہ بھی فوت ہو گیا۔
مزید پڑھیں:بانڈی پورہ: سریندر علاقے میں پختہ پل نہ ہونے سے عوام کو مشکلات
مقامی ڈی ڈی سی ممبر نے کہا کہ کانسچونسی فنڈز سے وہ محض پل کی مرمت کر سکتے ہیں تاہم یہاں ایک موٹریبل پل تعمیر کرنے سے ہی لوگوں کی مشکلات میں کمی آ سکتی ہے جو ضلع یا یو ٹی انتظامیہ ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے حکام سے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک موٹریبل پل تعمیر کرنے کی اپیل کی ہے۔