جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے لیے پانچویں مرحلے کے تحت ووٹنگ جاری اور صبح سات بجے سے ہی رائے دہندگان جوش و خروش سے اپنے جمہوری حق کا استعمال کررہے ہیں۔
ضلع گاندربل میں پانچویں مرحلے کے تحت 2 انتخابی نشستوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان میں واکورہ اے اور واکورہ بی شامل ہیں۔
واکورہ بلاک میں کل 88 امیدوار میدان میں ہیں، ان میں سے 19 امیدوار ڈی ڈی سی کے لیے اپنی قسمت آزمارہے ہیں جبکہ آٹھ سرپنچ اور 61 پنچ امیدوار ہیں۔
ڈی ڈی سی انتخابات میں ووٹرز کے تاثرات علاقے میں ووٹنگ کے لیے 99 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ وہیں ان انتخابی حلقوں میں 24 ہزار 262 رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ضلع کے رائے دہندگان سے بات کرتے ہوئے ان کے تاثرات معلوم کیے۔
بات چیت کے دوران ووٹرز نے کہا کہ علاقے میں بنیادی سہولیات کا کافی فقدان ہے اور اس جیسے متعدد مسائل کے حل کے لیے وہ ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ووٹروں نے کہا کہ اب تک یہاں جو کوئی بھی نمائندہ منتخب کیا گیا ہے، اس نے علاقے میں کسی بھی طرح کے ترقیاتی کام کو انجام نہیں دیا جس کی وجہ سے واکورہ کی عوام کو بنیادی سہولیات کے تعلق سے مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ووٹرز نے کہا کہ 'امید ہے کہ ان انتخابات کے ذریعے جو نمائندہ منتخب ہو کر آئے گا، وہ اس علاقے کی بنیادی ضروریات کی خاطر کام انجام دے گا'۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ کے زنگیر تجر شریف میں پہلی بار لوگوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں اپنے ووٹ ڈالے۔
سخت سردی کے باوجود لوگ اپنے گھروں سے ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلے۔
اس موقعے پر بی جی پی کی ڈی ڈی سی امیدوار فریدہ خان نے بتایا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ ان ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لیں اور اپنے ووٹ کا بھر پور استعمال کریں۔