مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کج پورہ کنگن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زونل فزیکل ایجوکیشن آفس (زیڈ پی ای او) اور 1.14 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ زونل لیول پلے فیلڈ کا سنگ بنیاد رکھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس صلاحیت کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور مرکزی حکومت تمام سہولیات کو یقینی بنائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ علاقے میں ٹیلنٹ پھلے پھولے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت موجودہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور یو ٹی کے لیے سہولیات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھیلوں میں شامل ہوں اور مختلف سطحوں پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے پی ایم ڈویلپمنٹ پلان کے تحت پلے فیلڈز اور انڈور اسٹیڈیم کی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں ہاکی اور فٹبال گراؤنڈز کی تیاری کے لیے مزید 33 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہونے والے ملک بھر کے "کلین انڈیا مشن" میں شامل ہو جائے۔
وزیر کا استقبال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے مرکزی حکومت کی اس میگا آؤٹ ریچ پروگرام کو جموں و کشمیر میں منعقد کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی وزیر کا یہ دورہ خطے کی کھیلوں کی سرگرمیوں کو تقویت دے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، ایس ایس پی گاندربل اور محکمہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔