گاندربل (جموں کشمیر) :اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے سونہ مرگ علاقے میں ایک ٹرک ڈرائیور سے رشوت لیتے ہوئے ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاری سونہ مرگ کے وزنی پل کے قریب ٹریفک پولیس چیک پوائنٹ پر انجام دی گئی۔ واضح رہے کہ مذکورہ چیک پوائنٹ ماضی میں ایسی شکایات کی بنا پر سرخیوں میں رہا ہے۔ سری نگر- لیہہ شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات خاص کر ٹرک ڈرائیورز اکثر ٹریفک پولیس پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
بدعنوانی کو قابو میں کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کمشنر نے سونہ مرگ، وزنی پل پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کرائے تھے، تاہم حکام نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کیمروں کی کبھی نگرانی نہیں کی ہے۔ ٹرک ڈرائیوروں نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا تھا کہ انہیں ویٹ برج پار کرنے کے لیے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکار رشوت دینے کے بعد آگے جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک ٹرک ڈرائیور نے کہا: ’’یہاں اگر آپ کے پاس سبھی کاغذات ہیں، پرمِٹ بھی ہے تب بھی ٹریفک پولیس اہلکار گھنٹوں روک کر آپ کا وقت ضائع کرتے ہیں، اور اگر پولیس کو آپ رشوت دیتے ہیں تو وہ آپ سے کسی بھی کاغذ یا پرمِٹ کا مطالبہ نہیں کرتے۔‘‘