گاندربل (جموں و کشمیر) :بہار کی آمد کے ساتھ ہی جہاں وادی کشمیر کے معروف سیاحتی مقامات پر مقامی و غیر مقامی سیاحوں کا آمد کا سلسلہ تیز ہوجاتا ہے وہیں زرد پھولوں سے لہلہاتے سرسوں کے کھیت بھی سیاحوں کی دلچپسی اور توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ کھیتوں میں کھلے سرسوں کے لہلاتے کھیتوں کے دلکش اور دلفریب نظارے سیاحوں کو گاڑیوں سے اتر کر ان کھیتوں میں عکس بندی اور سیفلیز کھینچنے اور ان نظاروں میں کچھ وقت صرف کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
شہرہ آفاق سیاحتی مقام سونہ مرگ جا رہے غیر مقامی سیاح وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے لہلاتے کھیتوں کو نظر انداز نہ کر سکے اور گاڑیوں سے اتر کر ان نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔ سیاح سیلفیز لیتے، ریلز بناتے ہوئے دیکھے گئے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ اُن کی اصل منزل سونہ مرگ ہے تاہم راستے میں سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلے سرسوں کے کھیتوں کو وہ نظر انداز نہ کر سکے اور انہوں نے ان دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے اور کچھ دیر یہاں وقت گزارنے کو بھی ترجیح دی۔