گاندربل (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں سہ پورہ علاقے میں قائم ایک اسکول کے ٹیچر نے مبینہ طور ایک پانچ سالہ طالب کی پٹائی کرکے اسے لہو لہان کر دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طالب کی پٹائی کرنے کے بعد ٹیچر موقع سے فرار ہو گیا ہے، تاہم واقعے کی خبر موصول ہوتے ہی طالب علم کے اہل خانہ فوری طور پر اسکول پہنچے اور کم عمر بچے کو ضلع اسپتال گاندربل پہنچایا۔
اہل خانہ کے مطابق کم عمر بچے کے سر سے کافی خون بہہ گیا تھا اور گہرے زخم کی مرہم پٹی کے لیے ڈاکٹروں کو بچے کے سر پر سات ٹانکے لگانے پڑے۔ اس صورتحال کے پیش نظر صحافیوں نے اسکول کا رخ کیا تاہم اسکول انتظامیہ نے نہ صرف عکس بندی سے منع کیا بلکہ صحافیوں کے ساتھ غیر مناسب زبان میں گفتگو کی اور اس کسی بھی کم عمر بچے کی مار پیٹ کے واقعے سے صاف انکار کر دیا۔