فوج نے گاندربل کے طلبہ کو کیا بھارت درشن ٹور پر روانہ گاندربل:سشستر سیما بل کی 13بٹالین نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع سے تعلق رکھنے والے 35طلبہ کو بھارت درشن ٹور پر روانہ کیا۔ طلبہ کو ٹور پر روانہ کرنے سے قبل ایک تقریب کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ٹور پر روانہ ہوانے والے طلبہ، ان کے اعزہ و اقارب، مقامی باشندوں، فوجی اہلکاروں سمیت پی آر آئی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
فوجی افسران کا کہنا ہے کہ بھارت درشن ٹور پر روانہ کیے جانے والے مقامی 35طلبہ کے ہمراہ تین مقامی سرپرستوں کو بھی طلبہ کے ہمراہ ٹور پر روانہ کیا گیا۔ پروگرام کے لیے 7 دنوں کی ترریب مقرر کی گئی ہے جس میں طلبہ کو نہ صرف دیگر ریاستوں کے تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کو دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ایس ایس بی کے ڈی جی سمیت دیگر سینئر افسران سے ملاقات کا بھی موقع ملے گا۔
ایس ایس بی کی 13بٹالین نے دگنیبل یونٹ کیمپس میں طلبہ کو بھارت درشن ٹور پر روانہ کرنے سے قبل ’’فلیگ آف‘‘ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں سابق ممبر اسمبلی، گاندربل، نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ فلیگ آف پروگرام کے دوران وریندر سنگھ چودھری، کمانڈنٹ، نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ٹور پروگرام پر ایک مختصر نوٹ پیش کیا۔
مزید پڑھیں:فوج کی جانب سے نوجوانوں کے لیے 'بھارت درشن یاترا'
ٹور پر روانہ ہونے والے مقامی نوجوانوں نے بھارت درشن ٹور کے انعقاد پر ایس ایس بی کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔ یاد رہے کہ ٹور میں ضلع کے شوہاما، باکورا، دگنیبل اور وارپوہ کے نوجوانوں کو منتخب کیا گیا ہے۔ بھارت درشن ٹور کے حوالہ سے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے فوجی افسران نے کہا کہ ٹور کے دوران نوجوان تاریخی اور ثقافتی مقامات کا از خود مشاہدہ کریں گے، اس سے انہیں پریکٹیکل معلومات فراہم ہوں گی، نہ صرف طلبہ کی معلومات میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے ان میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوگی۔