گاندربل (جموں و کشمیر):سرینگر لیہہ شاہراہ پر زوجیلا پاس پر پیر کے روز برفانی تودہ گرنے کے سبب دو ٹرک اس کے نیچے دب گئے تھے۔ اس حادثہ میں دو ڈرائیوروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں بازیاب کر لیا گیا۔ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ برفانی تودے گر آئے۔ بار بار برفانی تودے گرنے کے پیش نظر، شاہراہ کو فوری طور پر کشادہ کرنے کے احکامات صادر کیے گئے۔
شاہراہ کی کشادگی کا عمل بدھ تک جاری رہے گا جس کے سبب سری نگر کرگل سڑک پر ٹریفک معطل رہے گی۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسی کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔ ادھر، جموں و کشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے پیر کو UT کے پانچ اضلاع کے لیے برفانی تودے کی وارننگ جاری کی، جس میں لوگوں کو برفانی تودے سے متاثرہ علاقوں میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ، راجوری اور گاندربل اضلاع میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔