جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں خواتین کے لیے علاحدہ پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایات کے بعد وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں بھی قریب چار برس قبل زنانہ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا جہاں گھریلو تشدد سمیت خواتین سے متعلق معاملات درج کیے جاتے ہیں۔
گاندربل میں قائم زنانہ پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او (اسٹیشن ہاؤس آفیسر) نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران گھریلو تشدد سمیت جہیز وغیرہ کے قریب تین سو معاملات حل کیے ہیں۔
خاتون پولیس آفیسر نے کہا کہ زیادہ تر گھریلو تشدد، زوجین کے مابین اختلاف اور جہیز کی ڈیمانڈ کرنے کے معاملات درج کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ زیادہ تر معاملات بدگمانی اور معمولی اختلاف کی وجہ سے خواہ مخواہ پیچیدہ بن جاتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ فریقین کو پولیس اسٹیشن بلاکر ان کی کاؤنسلنگ کرتی ہیں جس کے بعد باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات حل کیے جاتے ہیں۔