گاندربل (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر گاندربل ضلع میں تکیہ خَلہ مُلہ نامی علاقے میں سوچھ بھارت مشن کا زمینی سطح پر نام و نشان نہیں دکھائی دے رہا۔ علاقے میں جگہ جگہ گندگی، کوڑا کرکٹ اور گوبر کے ڈھیر جمع ہیں جس سے نہ صرف راہگیروں بلکہ مقامی باشندوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تکیہ خلہ ملہ کے باشندوں کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر سوچھ بھارت مشن کے تحت کئی اقدامات اٹھائے جانے کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں تاہم زمینی سطح پر اس کا خاصا اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے.
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’کارخانہ داروں، فیکٹری مالکان حتی کہ مقامی باشندوں کی جانب سے بھی سڑکوں کے کنارے اور گلی کوچوں پر کوڑا کرکٹ پھینکا جا رہا ہے۔ لوگ گھروں سے کوڑا نکال کر راستوں پر ڈال رہے ہیں، جگہ جگہ گوبر کے ڈھیر جمع ہیں جو حکومت کی جانب سے صفائی ستھرائی پر خرچ کیے جا رہے کروڑوں روپے کے دعووں کی قلعی کھول دیتے ہیں۔‘‘