گاندربل:وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے وانگت، کنگن علاقے میں آگ کی ایک واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی سہ پہر اچانک عبد الرشید بحران ولد نذیر احمد بحران نامی ایک شہری کے ایک منزلہ مکان سے آگ بھڑک اٹھی۔ مکان میں موجود بالن، گھاس اور کوئلے کے ذخیرے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور آناً فاناً پورے ڈھانچے کو اپنی زد میں لے لیا۔
مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن آگ اس وقت بھانک تھی کہ اسے کنٹرول کرنا ممکن نہ ہو سکا۔ آگ بجھانے کے لیے کنگن سے بھی ریسکیو ٹیمیں پہنچیں تاہم تب تک آگ نے اپنا کام کر لیا تھا۔ آتشزدگی میں گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کے سبب رہائشی مکان اور اس میں موجود سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ آگ لگنے کی وجہ کا فوری طور پر پتہ نہ چل سکا ہے۔ وہیں اس ضمن میں مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کی خاطر تحقیقات کا آغاز کر لیا ہے۔