گاندربل:ضلع انتظامیہ گاندریل نے ہفتہ وار پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے منی سیکٹریٹ، گاندربل کے کانفرنس ہال میں ایک میگا عوامی دربار کا انعقاد عمل میں لایا۔ عوامی دربار میں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے پنچ، سرپنچ صاحبان کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ عوامی دربار میں ضلع کے مختلف محکموں کے سربران موجود تھے جبکہ دربار کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر، گاندربل، شیامیر سنگھ نے کی، ان کے ہمراہ اے ڈی ڈی سی مشتاق احمد سمنانی اور ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلال احمد بھی موجود تھے۔
عوامی دربار میں لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مشکلات سے افسران کو آگاہ کیا۔ لوگوں نے خاص طور پر بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے پر زور دیا جبکہ ترقیاتی پروجیکٹس کو وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی طلب کی گئی۔ اس موقع پر پی آر آئی ممبران نے دعویٰ کیا کہ ’’جموں کشمیر میں جب سے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات عمل لاکر پنچایتی راج اداروں کو معرض وجود میں لایا گیا تب سے یہاں ترقی کی دوڑ نے رفتار پکڑی ہے۔‘‘