گاندربل:پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) سرینگر کی جانب سے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں میڈیا ورکشاپ ”وارتا لاپ“ کا انعقاد کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد ضلع اور ذیلی ضلع سطح پر کام کرنے والے صحافیوں اور پی آئی بی کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا تھا۔ منی سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والے اس ورکشاپ کا افتتاح ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، شمالی علاقہ جات راجندر چودھری اور ڈپٹی کمشنر، گاندربل، شیامبیر سنگھ نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاحی خطاب میں چودھری نے کہا کہ ’’ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد عام لوگوں کے فائدے کے لیے مرکزی حکومت کے مختلف اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے مقامی میڈیا تک پہنچنا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا حکومت کی آنکھ اور کان کا کام کرتا ہے اور اس طرح کی ہم آہنگی فیڈ بیک حاصل کرنے اور زمینی سطح پر اسکیموں کے نفاذ سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے بھی ضروری ہے۔
چودھری نے صحافیو کو مشورہ دیا کہ ضلع اور سب ضلع سطح پر میڈیا کو ترقیاتی کاموں کی تشہیر کے لیے اہم معلومات پر مبنی پی آئی بی کے پس منظر والے انفوگرافکس اور فیکٹ شیٹس کا استعمال کرنا چاہیے اور انہیں معلومات اور فیڈ بیک کے لیے لازماً عوام کی نوٹس میں لانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کو غلط معلومات اور افواہوں، جو کہ بعض اوقات مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیلتی ہیں جس سے لوگوں میں الجھن پیدا ہوتی ہے، کا مقابلہ کرنے کے لیے پی آئی بی فیکٹ چیک کی پیروی کرنی چاہیے۔