گاندربل:29 جولائی کو ضلع گاندربل کے گوجرپتی پرینگ میں بادل پھٹنے کے بعد علاقے میں پیدا شدہ صورتحال سے مقامی لوگ کافی پریشان ہیں ضلع انتظامیہ سے بحالی کے کام میں معاونت کرنے کا مطالبہ کیا۔اطلاعات کے مطابق 29 جولائی کو گاندربل کے گوجر پتی پرینگ کے اوپری علاقے میں بادل پھٹنے سے مقامی لوگوں کو جہاں کافی نقصان اُٹھانا پڑا۔ وہیں اب لوگ اس سے پیدا شدہ صورتحال سے کافی پریشان ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی کی وجہ سے علاقے کے کئی گھرانوں میں پانی جمع ہونے سے کمروں میں ملبہ جمع ہوگیا۔ جبکہ صحن گلی کوچوں میں ملبے کے ساتھ ساتھ جنگل سے پانی کے ساتھ آئے بڑے پیڑ بھی جمع ہونے سے بحالی کے کام میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی۔ لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا مکانوں اور صحنوں میں جمع ملبہ جلد نہیں ہٹایا گیا تو بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں تباہ شدہ پینے کے پانی کے پائیپوں کو ٹھیک کریں، تاکہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی بحالی ممکن ہوسکے۔
اُنہوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل سے مطالبہ کیا ہے، کہ وہ محکمہ جل شکتی محکمہ جنگلات محکمہ صحت اور دیہی ترقی کے ٹیموں کو علاقے میں روانہ کریں تاکہ بحالی کے کام میں مدد مل سکے ۔دریں اثنا سیلابی پانی سے علاقے میں دو اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا اور اسکولوں کے کمروں میں ملبہ جمع ہوگیا جس کی وجہ سے اسکول میں تدریسی عمل بند کردیا گیا اور محکمہ نے نزدیکی ایک باغ میں ٹینٹ لگا کر تدریسی عمل شروع کیا۔