وادی کشمیر میں بدھ کے روز منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولوپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئر مین اور نائب چیئرمین کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے ضلع گاندربل جبکہ پی ڈی پی نے ضلع پلوامہ کے چیئر پرسن کے عہدوں پر جیت حاصل کی۔
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ڈسٹرکٹ ڈیولوپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے چیئر پرسن جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے نائب چیئرمین کے عہدے حاصل کئے۔
ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی امیدوار نزہت اشفاق نے نو ووٹ حاصل کر کے چیئر پرسن کا عہدہ اپنے نام کر لیا جبکہ پی ڈی پی کے امیدوار بلال احمد شیخ نے 8 ووٹ حاصل کر کے نائب چیئرپرسن کا عہدہ حاصل کیا۔
ضلع مجسٹریٹ گاندربل شفقت اقبال نے ایک حکمنامہ میں ان نتائج کی تصدیق کی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پی ڈی پی کے سید باری اندرابی کو ڈی ڈی سی چیئرمین جبکہ نیشنل کانفرنس کے مختار احمد بھانڈ کو نائب چیئر مین منتخب کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ان انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر جیت درج کرنے والی منہا لطیف اور آزاد امیدوار جاوید رحیم بٹ نے چار چار ووٹ حاصل کئے۔