گاندربل (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ’’آواز اور احساس فاؤنڈیشن‘‘ اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے باہمی اشتراک سے سیاحتی مقام سونہ مرگ میں عطیہ خون کیمپ کا اہتمام کیا۔ کیمپ میں نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کرکے خون کا عطیہ پیش کیا۔ این جی او نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپس کے انعقاد کا عندیہ دیا۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک مقامی شہری نے دعویٰ کیا کہ وہ لگاتار بلڈ ڈونیٹ کرتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج میرا 30واں بلڈ ڈونیشن ہے۔ انہوں نے عوام سے اس طرح کے کیمپس میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے اور بلڈ ڈونیشن کے ذریعے لوگوں کی جان بچانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا: ’’سرطان کا مہلک مرض وادی کشمیر میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے، اور کینسر سمیت دیگر عارجوں میں مبتلا مریضوں کو خون کے بجائے صرف پلیٹ لیٹس یا بلڈ سیلز کی ضرورت پڑتی ہے، اور اگر بلڈ بینک کے پاس وافر مقدار میں خون موجود ہو تو اس طرح کے مریضوں کی جان بچائی جا سکتی ہے۔‘‘