سری نگر: جموں وکشمیر کو موجودہ دور میں جن چیلنجوں کا سامناہے اور یہاں کے عوام جن پہاڑ جیسے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں، ان کو ہر سطح پر اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی ہے اور اس کیلئے پارٹی کی عوامی رابطہ مہم میں مزید سرعت لانے کی ضرورت ہے۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گاندربل میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ تنظیم میں ربط و ضبط نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے اورتنظیم کی بالادستی مقدم ہے ۔تنظیم میں انتشار پھیلانے والوں اور تنظیم مخالف کام کرنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
پارٹی سے وابستہ افراد کو آپسی صفوں کو مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ جب تک ہم متحدہ رہیں گے اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے رہیں گے ، اس وقت تک ہمارے مخالفین ہم پر غالب نہیں آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جو بھی انتخابات ہونگے، خواہ وہ پنچایت الیکشن ہوں، بلدیاتی الیکشن ہوں، ڈی ڈی سی الیکشن ہوں، لوک سبھا الیکشن ہوں یا پھر اسمبلی انتخابات ، ہمیں ہر حال میں کمر بستہ رہنا چاہئے تاکہ ہم اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرسکیں اور اس طرح سے ہمیں واقعی لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع فراہم ہوگا اور ہم عوام کو ہر سطح پر راحت رسانی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔