گاندربل: وادی کشمیر کو قدرت نے کافی خوبصورت بنایا ہے، جسے جنت بے نظیر بھی کہا جاتا ہے۔ وہیں ان دنوں اس خوبصورت وادی کشمیر میں برفباری ہونے کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں سیاح وارد کشمیر ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اگرچہ برف سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاح گلمرگ اور پہلگام کا دورہ کر رہے ہیں، وہیں یہ ملکی سیاح سونمرگ میں بھی برف سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ سونمرگ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے والے ملکی سیاح نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہم کئی بار کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوئے ہیں، تاہم یہ ضرور ہے کہ پہلے پہلے کشمیر آنے سے کچھ حد تک ڈر اور خوف محسوس ہوتا تھا۔ لیکن آج بالکل کچھ دوسری شکل دیکھنے کو مل رہی ہیں، کیونکہ حالات پہلے سے کافی بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ اور یہاں کی مہمان نوازی کافی اچھی ہے۔خاص کر دور دراز والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں یہ خصوصیت دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ایک اور سیاح نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست کے شہر میں لوگ ایک دوسرے کی مدد نہیں کر رہے ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگ زبردست مددگار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی اور مہمان نوازی واقعی میں دیکھنے کے لائق ہے، جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔