مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمری کے ضلع گاندر بل کے زوجیلا ٹنل کے قریب سربل سونہ مرگ علاقے میں ہفتہ کو دوسری باربرفانی تودہ گرا، جس کی زد میں آکر میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے ایک ورکشاپ کو شدیدنقصان پہنچا، تاہم اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مذکورہ حادثہ پیش آنے کے بعد زوجیلا ٹنل کےساتھ ساتھ زیڈ مور ٹنل پر بھی فی الحال کام بند کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اسی مقام پر دو روز قبل برفانی تودا گرنے سے کشتواڑ کے دو مزدود زندہ درگور ہوئے تھے۔ دریں اثناء صوبائی انتظامیہ نے ضلع گاندربل میں بھاری برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔
اس سے قبل جموں و کشمیر کے 12اضلاع کیلئے اسی طرح کی وارننگ جاری کی جاچکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سربل کے علاقے میں برفانی تودہ گرا، جس سے ایم ای آئی ایل کے زیر تکمیل ٹنل پروجیکٹ کے قریب ورکشاپ کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اس کے علاوہ مسلسل پیش آرہے برفانی تودوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی جانوں کو بچانے کےلئے آج اس مقام پر ایس ڈی آر ایف، فوج اور پولیس نے میگا انجینئرنگ کمپنی کے 174 مزدوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔