گاندربل:مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے بدر کنڈ میں مقامی سیاسی جماعت ’ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی’ کی جانب سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کی صدات مذکورہ جماعت کے ضلع صدر قیصر سلطان نے کی۔اس میٹنگ میں کثیر تعداد میں پارٹی سے وابستہ کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں سے ناطہ توڑکر ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کا دامن تھامنے والے کارکنان کو یہ تیقین دلایا کہ وہ شب وروز محنت کریں گے اور گاندر بل میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے
ضلع صدر قیصر سلطان نے کہا کہ غلام نبی آزاد کا مشن ایک اچھا مشن ہے اور جموں و کشمیر کی پریشانی کو اگر کوئی حل کر سکتا ہے تو وہ غلام نبی آزاد ہیں۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے قیصر سلطان نے کہا ہے کہ ہم پچھلے تین ماہ سے پارٹی کو مضبوط بنانے کی غرض سے ہر محلے میں جاکر میٹنگز منعقد کر رہے ہیں، تاکہ آنے والے پنچایتی انتخابات کے مد نظر پارٹی کو مزید مستحکم کر سکیں، اور ہمیں یقین ہے کہ لوگ پنچایتی الیکشن میں حصہ لے کر ہماری پارٹی اور پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے میں مدد کریں گے۔