گاندربل کے 26 سالہ نوجوان شہریار اشفاق نے اپنی تعلیم، اگرچہ پاس کے سکول سے حاصل کی، تاہم تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں پینٹنگ میں بھی کافی مہارت حاصل ہے۔
شہریار گاندربل کے طلملا علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور آج وہ پورے ضلع میں ہی نہیں بلکہ وادی کشمیر میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔
شہریار نے کہا کہ سال 2014 سے اُنہوں نے پینٹنگ میں حصہ لینا شروع کیا تھا، تاہم شروعات میں کافی مشکلات پیش آئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی کام میں ایک استاد کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ تاہم اُن کے علاقے میں پینٹنگ ایک نئی چیز تھی جسے سکھانے کے لیے کوئی نہیں تھا۔ ایسی صورت حال میں اُنہوں نے یوٹیوب کا استعمال کرکے پینٹنگ بنانا سیکھا۔
ان کے مطابق پینٹنگ میں اُن کا بچپن سے شوق تھا اور اسکول میں وہ کارٹون وغیرہ بنایا کرتے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے اپنے شوق کو حقیقت میں بدلنا شروع کیا۔ آج کل وہ پوٹریٹ اور تھری ڈی پینٹنگ بھی بناتے ہیں۔