گاندربل: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے مادر مہربان سٹیڈیم میں 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن نزہت اشفاق نے سلیوٹ بائیں ہاتھ سے کیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں یوم آزادی کے موقع پر سلامی لی، وہیں وادی کشمیر کے ہر ضلع کے ساتھ ساتھ گاندربل میں بھی یوم آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن نزہت اشفاق نے مادر مہربان سٹیڈیم میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اس دوران ان کے ہمراہ ایس ایس پی گاندربل شری نکھل بورکر، ضلع ترقیاتی کمشنر شامبیر سنگھ کے علاوہ ضلع کے تمام سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
گاندربل کی تقریب اسلئے سماجی رابطہ گاہوں پر موضوع بحث بنی کیونکہ اس میں ڈی ڈی سی کی سربراہ نزہت اشفاق ترنگے کو دائیں کے بجائے بائیں ہاتھ سے سلامی دے رہی ہیں جبکہ انگے ارد گرد پولیس اور نیم فوجی دستوں کے افسران دائیں ہاتھ سلامی کیلئے اٹھائے ہوئے ہیں۔ حالانکہ پرچم کشائی سے قبل نزہت اشفاق دونوں بازؤں کو یکسان طور حرکت دے رہی ہیں۔ نزہت اشفاق ، گاندربل کے ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ انکے شوہر اشفاق جبار شیخ گاندربل اسمبلی حلقے سے جمون و کشمیر کی آخری اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ اشفاق کے والد شیخ جبار ماضی میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور اسمبلی ممبر رہے ہیں جنہیں نوے کی دہائی میں مبینہ عسکریت پسندوں نے ہلاک کیس کیا تھا۔