جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک ایسا دردناک حادثہ پیش آیا ہے، جس سے انسانیت بھی شرمسار ہو جائے، گاندبل کے کنگن علاقے میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا قتل کر کے نالے میں پھینک دیا۔
خاتون کی لاش نالے سے برآمد، خاوند ہی نکلا قاتل بیوی کا قتل کرنے کے بعد عبد المجید پولیس تھانے گیا اور وہاں بیوی کے گمشدہ ہونے کی رپورٹ لکھوائی، لیکن بعد میں پتا چلا کہ وہی اپنی بیوی کا قاتل ہے۔
روبینہ بیگم کی لاش 14 جولائی کو نالہ سندھ سے برآمد کی گئی، روبینہ مغربی بنگال کی رہنے والی تھیں اور ان کی شادی دس سال قبل کنگن کے گونچی محلہ کے رہنے والے عبدالمجید خان کے ساتھ ہوئی اور انکے تین بچے بھی ہیں۔
مقامی لوگوں نے کہا 'خاتون کو عبدالمجید ہراساں کرتا تھا، وہیں خاتون نے کئی بار گھر چھوڑنے کا بھی فیصلہ کیا، تاہم اپنے بچوں کی وجہ سے وہ ظلم سہتی رہی'۔
مقامی لوگوں کے مطابق خاتون کو 8 جولائی کو آخری بار گھر میں دیکھا گیا تھا اور اسی شام میاں بیوی میں تو تو میں میں ہوئی اور دوسرے روز شوہر نے علاقے میں یہ خبر پھیلائی کہ اس کی بیوی اسے چھوڑ کر بھاگ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رنبیر گڑھ میں تصادم شروع
کشمیری خاتون کے لیے پی پی ای کٹس بنا روزگار کا ذریعہ
پولیس کے مطابق 'قاتل شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو قریب کی ہی ایک دکان میں کئی دنوں رکھ چھوڑا تھا۔ لاش میں بدبو آنے کے بعد اپنے بھائی کی مدد سے اس نے اسے نالہ سندھ میں پھینک دیا۔
فی الحال پولیس نے عبدالمجید اور اس کے بھائی کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔