بارہمولہ:امسال گلمرگ اور ٹنگمرگ کی حسین وادیوں میں دنیا بھر سے ایک بار پھر سیاح سیر و تفریح کے لیے آرہے ہیں اور گلمرگ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب کشمیر کے اسپورٹس کھلاڑی بھی گلمرگ کی برفیلی وادیوں میں اسکینگ (skiing )کرتے نظر آرہے ہیں۔ دراصل یوتھ سروس اسپورٹس سرینگر (Youth Service Sports) کی جانب سے گلمرگ میں لڑکیوں کے لیے اسنو اسکینگ کورس (Skiing course ) شروع کیا گیا ہے جس میں سرینگر سے وابستہ کم از کم چالیس لڑکیوں نے شرکت کی اور انہیں اسنو اسکینگ کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ اس دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اسکینگ کورس کے انچارج مزمل احمد ڈار نے بتایا کہ ہم نے اس پروگرام کو گلمرگ میں کیا اور اس میں ہم لڑکیوں کو اسکینگ سکھاتے ہیں اور ہم ان سے کوئی بھی فیس نہیں لیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹ یوتھ سروس اسپورٹس گزشتہ پچاس سالوں سے پچوں کو گلمرگ میں اسکینگ کرواتا ہے اور آج بھی ہم ان لڑکیوں کو سکھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پہلے سے ہی سکیینگ کا اچھا ماحول رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اسکینگ سکھائیں۔ اس دوران لڑکیوں نے بتایا کہ ہم کافی خوش ہیں کہ ہم دنیا کی مشہور و معروف سیاحتی مقام میں اسنو اسکینگ سیکھ رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم اچھے سے اس کورس کو مکمل کریں گے۔ اسکینگ برف پر کھیلے جانے والے ایک کھیل کا نام ہے جو انتہائی مشکل کے ساتھ مہنگا بھی ہوتا ہے، تاہم یوتھ سروس اسپورٹس کی جانب سے لڑکیوں کے لیے مفت اسکینگ کورس کا اہتمام کیا گیا ہے۔