سرینگر: جموں و کشمیر وقف بورڈ نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے رائل گنڈ کنگن علاقے میں واقع ایک زیارت گاہ میں عطیات کے غبن کے الزامات کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔وقف بورڈ نے سال 2000 سے اب تک کے عطیات کا آڈٹ کرنے کے لئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وقف بورڈ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ زیارت شریف رائل گنڈ کنگن وقف نوٹیفائیڈ جائیداد ہے جس کو سال 1985 میں نوٹیفائی کیا گیا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ وقف بورڈ کی چیئرپرسن کو مذکورہ زیارت گاہ کے عطیات میں خرد برد اور غبن کرنے کے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔وقف بورڈ کے حکمنامے میں کہا گیا کہ 'شکایات میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ کئی برسوں سے زیارت کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کاموں اور سہولیات کے لئے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہے'۔